اسلام آباد: پاکستان نے گلگت بلتستان انتخابات پر جھوٹی بھارتی دلیلوں کو مسترد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے گلگت بلتستان سے متعلق بیانات مکمل رد کرتا ہے، بھارتی حکومت کے پاس گلگت بلتستان الیکشن پر بیان دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں فراڈ انتخابات کراتی رہی ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے الیکشن 2020 کا شیڈول جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان نے الیکشن 2020 کا شیڈول جاری کر دیا
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی آخری تاریخ 16 جولائی ہوگی، نامزد امیدواروں کی فہرست17 جولائی کو آویزاں کی جائےگی۔
چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 23 جولائی ہوگی،آر او فیصلے کے خلاف اپیل کی آخری تاریخ 27 جولائی مقرر کر دی گئی جبکہ اپیلٹ ٹریبونل کی جانب سے فیصلے کے لیے آخری تاریخ 3 اگست ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے اور نظرثانی کے لیے آخری تاریخ 5 اگست ہے، امیداواروں کو انتخابی نشانات 6 اگست کو دیےجائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر جی بی راجہ شہباز خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں 18 اگست کو پول ڈے ہوگا۔