نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں 15 سالہ لڑکی نے پانی کے تنازع پر پڑوسی خاتون کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے علاقے فرش بازار میں پانی بھرنے پر لڑائی کے دوران 15 سالہ لڑکی نے 34 سالہ پڑوسی خاتون کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
متاثرہ خاتون سونی کے بائیں ہاتھ میں کٹ لگے ہوئے تھے جبکہ پیٹ میں بھی چاقو کے وار کے زخم آئے تھے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ جمعہ کی رات کال موصول ہوئی جس کہا گیا کہ بیوی کے پیٹ میں چھرا گھونپا گیا ہے اور اسے ایمبولینس کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر شاہدرہ سریندر چوہدری کا بتانا ہے کہ پولیس جائے قوعہ پر پہنچی تو سونی کو زخمی پایا ان کے ہاتھ پر دو سے تین کٹ کے نشان تھے جبکہ پیٹ پر بھی زخم آئے تھے۔
سونی کو فوری طور پر ہیڈ گیوار اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ سونی اور اس کے شوہر ستبیر کی پانی بھرنے کے دوران پڑوسیوں سے لڑائی ہوئی تھی۔
مقتولہ نے لڑکی کا ہاتھ موڑا تھا جس پر لڑکی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا بعدازاں لڑکی اور اس کی والدہ گھر آگئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر آتے ہی سونی اس کے شوہر ستبیر اور لڑکی کے گھر والے دوبارہ جھگڑ پڑے اس دوران مقتولہ کو لڑکی نے چاقو مار دیا جس کے نتیجے میں اس موت ہوگئی۔