بھارت کی ریاست اتر پردیش میں نوجوان لڑکی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم فیس بک پر اپنی نازیبا تصاویر دیکھنے کے بعد خودکشی کر لی۔
خودکشی کرنے والی لڑکی کا تعلق ضلع باندہ سے تھا جو اپنے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر مردہ حالت میں پائی گئی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال بھیج دیا۔
لڑکی کی والدہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ بیٹی کو سندیپ نامی لڑکے نے ہراساں کیا، جب میری بیٹی نے مزاحمت کی تو اس نے بیٹی کی نازیبا تصاویر بنائیں اور فیس بک پر پوسٹ کر دیں۔
خاتون نے بتایا کہ جب سندیپ کی حرکت پر میں اس کے والدین سے شکایت کرنے گئی تو مجھے بھی دھمکیاں دی گئیں، انہوں نے مجھے گھر سے باہر نکال دیا۔
پولیس نے سندیپ اور اس کے والدین کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعات 306، 354، 504، 506 اور 67 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔