شادی کی خوشیوں سے بھرا گھر اس وقت سوگ میں ڈوب گیا جب دلہن بننے سے چند دن قبل لڑکی کی اچانک موت واقع ہو گئی۔
یہ افسوسناک واقعہ مصر کے شہر ادکو میں پیش آیا جہاں 18 سالہ لڑکی حنان اشرف کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور پورا گھر اس میں مصروف تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق حنان کی شادی چند روز میں ہونے والی تھی اور اس کے گھر سمیت محلہ بھر میں تیاریاں جاری تھیں۔ لیکن اچانک وہ سانحہ رونما ہوگیا جو کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق لڑکی کے اہل خانہ ایک تین منزلہ عمارت میں مقیم تھے، جو اچانک منہدم ہوگئی اور اس ملبے تلے دب کر لڑکی سسرال پہنچنے کے بجائے قبر میں جا پہنچی۔
واقعہ رونما ہوتے ہی پورا محلہ سوگ میں ڈوب گیا اور جب ملبے کے نیچے سے لڑکی کی لاش نکالی گئی تو ہر آنکھ اشکبار تھی۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے نے مذکورہ عمارت کو مخدوش قرار دیتے ہوئے دلہن کے والد کو گھر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا ہوا تھا، تاہم دلہن کے والد نے یہ کہہ کر گھر فوری خالی کرنے سے انکار کردیا کہ ابھی وہ بیٹی کی شادی میں مصروف ہیں۔ اس کے بعد ہی گھر گرا کر دوبارہ تعمیر کریں گے۔