بھارت کی ریاست اتر پردیش میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں سفاک دادی نے کمسن پوتی کو پانی کے کنویں میں پھینک دیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نونرا گاؤں میں دادی نے 10 سالہ پوتی کو کنویں میں پھینکا جس کی وجہ سے معصوم کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت ریا کے نام سے ہوئی جو سنتوش نشاد نامی شخص کی بیٹی ہے، خاتون کی جانب سے بچی کو صبح 10 بجے کنویں میں پھینکا گیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے بچی کو نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، لیکن تب تک وہ مر چکی تھی۔ بعدازاں، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا گیا۔
واقعے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او اشوک کمار سنگھ نے بتایا کہ خاتون نے اپنی پوتی کو گھر میں جھگڑے کی وجہ سے پانی کے کنویں میں پھینکا، ملزمہ فرار ہے جسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔