جمعہ, جنوری 17, 2025
اشتہار

والدین نے ننھی بچی کو برفیلی سردی میں باہر چھوڑ دیا، افسوسناک انجام

اشتہار

حیرت انگیز

اوہائیو: امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ایکرون میں والدین نے بڑی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 سالہ ننھی بیٹھی کو برفیلی سردی میں باہر چھوڑ دیا، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوہائیو کے شہر ایکرون کے ایک علاقے میں والدین کی طرف سے شدید سردی میں گھر سے باہر چھوڑے جانے پر دو سالہ لڑکی ونٹر پارکر پورچ میں سردی سے جم کر ہلاک ہو گئی۔

غفلت کے باعث بیٹی کی موت کی وجہ بننے پر عدالت نے بچی کی ماں ٹیرا ولیمز کو 18 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا، جب کہ بچی کے والد ڈاریون پارکر کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

- Advertisement -

عدالتی دستاویزات کے مطابق 2 فروری 2018 کو اُس وقت کی 23 سالہ ٹیرا ولیمز نے اپنی بیٹی ونٹر پارکر کو اس کے والد 25 سالہ ڈاریون پارکر کے ساتھ چھوڑ دیا تھا، لیکن جب وہ دو گھنٹے بعد گھر واپس آئی تو اس نے بیٹی کو پورچ پر ’منجمد‘ حالت میں پایا، ماں نے 911 پر کال کر کے مدد طلب کی، اس نے پولیس کو بتایا کہ ونٹر کو اس نے صرف دو گھنٹے کے لیے باپ کے پاس چھوڑ دیا تھا اور اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ چلی گئی تھی۔

عدالت میں نومبر میں بچی کی ماں نے اپنا یہ جرم قبول کیا کہ اس نے اپنی بچی کو خطرے میں ڈال دیا تھا، اس سے قبل والد پارکر نے بھی بچوں کو خطرے میں ڈالنے کا جرم قبول کر لیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ننھی بچی کو والدین نے کوئی گرم لباس بھی نہیں پہنایا تھا، سخت سردی میں گھر کے باہر ٹھٹھر کر وہ ’ہائپوتھرمیا‘ سے مر گئی، ٹیرا ولیمز کی ماں نے اپنی بیٹی کے حوالے سے بیان میں کہا کہ وہ ایک اچھی ماں ہے جس نے ’ایک برا فیصلہ‘ کیا۔

جج میکارٹی نے کہا کہ بچوں کی دیکھ بھال کرنا والدین کا سب سے اہم فرض ہونا چاہیے، دو سال کے بچے جن کی دیکھ بھال نہیں کی جاتی ہے وہ بہت سے خطرناک حالات کا شکار ہو سکتے ہیں، جیسا کہ تالاب میں گرنا اور ڈوب جانا یا کوئی زہریلی چیز پینا۔ ٹیرا ولیمز کے وکیل نے بھی اعتراف کیا کہ ماں نے ونٹر کو اس کے والد کے ساتھ تنہا چھوڑ کر غلطی کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں