لاہور : پنجاب میں نوجوان لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دیکر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ، آئی جی پنجاب نے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ، جہاں شیخوپورہ کی رہائشی نوجوان لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دیکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ریلوے سٹیشن کے قریب واقع ہوٹل میں ملزمان نے نوکری کا جھناسہ دے کر بلایا، وہاں کھانا کھانے کے بعد ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حسن اور عرفان نامی نوجوان شیخوپورہ کی رہائشی لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دیکرریلوے اسٹیشن کے ایک ہوٹل میں لے گئے اور ایک ملزم نے خود کو میاں بیوی ظاہر کیا، جس کے بعد ملزمان نے لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں، ملزمان کے خلاف تھانہ نولکھا میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعےکی 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا۔