کراچی: شہرقائد سے 14 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کے معاملے کا آئی جی سندھ کلیم امام نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے موچکو سے اغوا ہونے والی چودہ سالہ لڑکی کے معاملے پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ اور اے وی سی سی حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 14 سالہ سلمیٰ 5اکتوبر کو رات گئے گھر سے چلی گئی تھی، اہلخانہ نے بتایا کہ لڑکی کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں ہے۔
کراچی: کورنگی میں بچی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام‘ ملزم گرفتار
موچکو تھانے میں لڑکی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس بچی کی تلاش کے لیے عملی اقدامات نہیں کررہی، بچی کی گمشدگی کے بعد مختلف نمبروں سے کالز بھی آرہی ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال 22 ستمبر کو شہر قائد کے علاقے کورنگی میں علاقہ مکینوں نے بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو پکڑ لیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ شہر قائد کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں نامعلوم خاتون ماں سے 8 ماہ کی بچی کو چھین کر فرار ہوگئی تھی۔