راولپنڈی: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے 11 سالہ بچی شہید جبکہ 4 شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں،تتہ پانی،رکھ چکری سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق خودکار بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 11سالہ بچی شہید اور 4 شہری زخمی ہوگئے، شدید زخمیوں میں 75 سالہ خاتون اور 2 بچے شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور ان بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سے پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کی گئی۔
لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہے، بھارت 2003 کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے۔