یوراج سنگھ کے والد اور سابق بھارتی کرکٹر یوگراج سنگھ نے کہا ہے کہ مجھے 6 ماہ کا وقت دیں ارجن ٹنڈولکر کو دنیا کا عظیم بیٹر بنا دوں گا۔
یوگراج سنگھ کو بھارت میں ایک مشکل ٹاسک ماسٹر کے طور پر دیکھا جاتا ہے جبکہ ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے اندر سے وہ ان کی صحیح صلاحیت نکالنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں، وہ اپنی اکیڈمی نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی کرتے ہیں۔
بھارت کے سابق آل رائونڈر کے والد یوگراج سنگھ کا خیال ہے کہ سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر میں دنیا کا عظیم ترین بلے باز بننے کی صلاحیت ہے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے یوگراج نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کے بیٹے کا ٹیلنٹ باؤلر بننے کی کوشش میں ضائع ہو رہا ہے کیونکہ اس کے پاس بلے باز کے طور پر بڑا بننے کا گر ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ارجن ٹنڈولکر ان کے پاس کوچنگ کے لیے آتے ہیں تو وہ انہیں دنیا کے عظیم ترین بلے باز میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ارجن ٹنڈولکر نے رنجی ٹرافی میں گوا کی نمائندگی کرنے سے قبل کچھ دن یوگراج سنگھ کے ساتھ ٹریننگ کی تھی،
یوگراج نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انھوں نے سچن ٹنڈولکر اور یوراج سنگھ کو کیسے غلط ثابت کیا جب ارجن نے گوا کے لیے رنجی ٹرافی میں سنچری بنائی، دونوں سابق کرکٹرز ارجن کو بولنگ آل راؤنڈر کے طور پر دیکھتے ہیں جب کہ انھیں بیٹنگ آل راؤنڈر سمجھا جانا چاہیے۔
یوگراج سنگھ نے کہا کہ اگر اب ارجن ٹنڈولکر میرے پاس آتے ہیں تو میں انھیں چھ ماہ میں دنیا کا عظیم ترین بلے باز بنا دوں گا، کوئی نہیں جانتا کہ ان کے پاس بلے میں کتنی صلاحیت ہے، وہ 12 دن تک میرے ساتھ تھے تو انھوں نے رانجی ٹرافی میں سنچری بنائی۔