کراچی : دنیا بھر میں بھوک کے شکار ممالک کی فہرست میں پاکستان نے بھی اپنی جگہ بنا لی، پاکستان کا شماران ممالک میں گیارہویں نمبر پر آگیا جہاں بھوک کے ستائے لوگ رہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل فوڈ پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (آئی ایف پی آر آئی )کی جانب سے بھوک کے شکار ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں پاکستان 11 ویں نمبر پر ہے۔
ادارے کی جانب سے گلوبل ہنگر انڈیکس 2016 میں مختلف ممالک کے لوگوں کو خوراک کی دستیابی کی صورتحال کے مطابق انہیں صفر سے 100 پوائنٹس کے درمیان تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان 118 ممالک میں 11ویں نمبر پر ہے اور اس کے 33.4 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان سے صرف 11 ملک ایسے ہیں جہاں بھوک کا شکار لوگوں کا تناسب زیادہ ہے۔ بھارت کی صورتحال اس رپورٹ میں پاکستان سے بہتر ہے۔ جس کا اس فہرست میں 22 واں نمبر ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے کل 70 کروڑ 95 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں۔
سال 2008 میں پاکستان کے پوائنٹس 35 اعشاریہ ایک تھے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اب یہاں بھوک میں کمی کچھ کم ہوئی ہے۔لیکن درجہ بندی سے معلوم ہوتا ہے کہ اب بھی غذا کی قلت کے شکار ممالک میں پاکستان تشویشناک صورتحال سے دوچار ممالک میں شامل ہے۔
پاکستان میں کل آبادی کا 22 فیصد حصہ غذا کی کمی کا شکار ہے اور آٹھ اعشاریہ ایک فیصد بچے پانچ سال سے کم عمر میں ہی وفات پا جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کا نمبر آٹھواں جبکہ انڈیا کا نمبر 22واں ہے۔ انڈیا، نائجیریا اور انڈونیشیا سمیت 43 ممالک بھی تشویشناک کیٹیگری میں شامل ہیں۔