اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے چلائی جانے والی مچھر دانیاں تقسیم کرنے کی مہم کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے اور عالمی برادری نے پاکستانی تجربے سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی مہم کی عالمی سطح پر پذیرائی ہورہی ہے عالمی اتحاد برائے انسداد ملیریا پارٹنرز نے پاکستان کے نام مراسلہ لکھا ہے، ذرائع کے مطابق الائنس فار ملیریا نے پاکستان کو عالمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق الائنس فار ملیریا کانفرنس 28،29 جنوری کو جنیوا میں ہوگی، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دنیا انسداد ملیریا کے لیے پاکستانی تجربے سے استفادہ چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ڈینگی وائرس اور ملیریا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر حکومت کی جانب سے کے پی، سندھ اور بلوچستان میں دوا لگی مچھر دانیاں تقسیم کی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں ڈینگی وائرس اور ملیریا کے پھیلاؤ کا خدشہ
31 لاکھ مچھر دانیاں 12 مخصوص اضلاع میں تقسیم کی جائیں گی، مچھر دانیوں کی تقسیم کی مہم 13 تا 17 اکتوبر تک منعقد ہوگی، مچھردانیاں بارکھان، برنائی، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، شیرانی میں تقسیم کی گئی تھیں۔
باجوڑ ایجنسی، جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈی آئی خان میں بھی مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں، میرپورخاص، سجاول، ٹھٹھہ میں مچھردانیاں تقسیم کی گئی تھیں۔
سربراہ انسداد ملیریا ملیریا پروگرام ڈاکٹر بصیر اچکزئی کے مطابق مچھردانیوں کی مالیت ایک ارب 11 کروڑ ہے، مچھر دانیوں کی تقسیم پر 14 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کے پی میں ڈینگی وائرس نے سینکڑوں افراد کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔