پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید کی نکاح کی خبریں زیر گردش ہے جبکہ اس کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔
گوہر رشید کی یہ ویڈیو جس میں وہ بظاہر نکاح کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، اس وقت سامنے آئی ہے جب مشہور اداکارہ کبریٰ خان کے ساتھ ان کی شادی کی افواہیں گرم ہیں جبکہ دونوں کی ایک ویڈیو اس سے قبل بھی انٹرنیٹ کی زینت بنی تھی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ان کی شادی سے قبل کی تقریبات میں سے ایک کی ویڈیو ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ویڈیو میں گوہر رشید نکاح خواں کے سامنے دستاویزات پر دستخط کررہے ہیں، اس موقع پر اداکار حمزہ علی عباسی اور ہدایتکار بلال لاشاری بھی موجود ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گوہر رشید نکاح خواں کی ہدایات پر دستاویزات پر دستخط کررہے ہیں، تاہم یہ ویڈیو گوہر کے نکاح کی ہے یا کسی اور تقریب کا حصہ یہ واضح نہیں ہوسکا۔
کئی ہفتوں سے جاری افواہوں میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ گوہر رشید اپنی قریبی دوست کبریٰ کے ساتھ فروری 2025 تک شادی کرلیں گے، تاہم جو تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں اس میں لڑکی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
خیال رہے کہ کبریٰ اور گوہر کی شادی کی خبروں پر دونوں کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی گئی اور اب تک دونوں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گوہر رشیہد نے ڈانس پریکٹس کی چند ویڈیوز بھی کچھ دنوں پہلے شیئر کی تھیں، جن میں کبریٰ خان بھی شامل تھیں، ویڈیوز میں اداکار نے ’میرے یار کی شادی‘ جیسے ہیش ٹیگز استعمال کیے تھے۔