لاہور: غیر ملکی کرکٹرز، ہاکی پلیئرز کے بعد اب ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلر ہلک ہوگن، گولڈ برگ سمیت 22 ریسلرز نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔
پاکستان کے پروریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے سربراہ عاصم شاہ نے کہا ہے کہ گولڈ برگ، ہلک ہوگن، رے مسٹیریو اور ویڈ بیرٹ سمیت 22 غیر ملکی ریسلرز نے پاکستان آنے پر راضی ہوگئے ہیں اور جلد ان ریسلرز سے معاہدے پر بھی دستخط ہوجائیں گے۔
عاصم شاہ نے کہا کہ ریسلنگ کے مقابلے پاکستان کے چار بڑے شہروں میں منعقد کیے جائیں گے جبکہ فری اسٹائل ریسلنگ کا انعقاد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے پہلے یا اس کے فوری بعد ہوگا۔
پاکستان میں فری اسٹائل ریسلنگ متعارف کرانے کے پیش نظر یکم ستمبر سے آسٹریا میں ہونے والی ورلڈ گرینڈ پرکس میں پرو ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے عہدیداروں کو مہمان خصوصی کے لیے بلایا گیا ہے جس میں سربراہ عاصم شاہ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل فاتح پہلوانوں کو دیں گے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی 19 ریسلرز پاکستان آئے تھے جن میں چار خواتین ریسلرز بھی شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ریسلنگ مقابلوں میں شرکت کے لیے 19 ریسلرز کی کراچی آمد
گولڈ برگ، ہلک ہوگن اور رے مسٹیریو کے مداحوں کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑی تعداد موجود ہے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل گولڈ برگ نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے اہم میچ میں بروک لیسنر کو چند منٹوں میں شکست دی تھی۔