پشاور: سونا نکالنے کے لیے مرکری کے استعمال سے خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پانی زہر آلود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سونے کی کان کنی میں مرکری کے استعمال کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سونا نکالنے کے لیے مرکری کو جلایا جاتا ہے، لیکن مرکری کے استعمال سے کوہاٹ میں پانی زہر آلود ہوتا جا رہا ہے۔
درخواست گزارکا مؤقف تھا کہ مرکری کے استعمال پر دنیا بھر میں پابندی عائد ہے، اس لیے عدالت سونے کی کان کنی کے دوران مرکری کے استعمال پر یہاں بھی پابندی عائد کرے۔
کیس کی سماعت کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے کان کنی میں مرکری کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے دیا، اور محکمہ معدنیات کے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار پر مشتمل بینچ نے کی۔
پاکستان میں آج سونے کی قیمت
ادھر آج پنجاب کے سابق نگراں وزیر معدنیات ابراہیم حسن مراد نے دعویٰ کیا ہے کہ اٹک میں 28 لاکھ ٹن سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جس کی مالیت 8 سو ارب روپے ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سونا اٹک میں 32 کلومیٹر کی پٹی پر دریافت ہوا ہے، یہ رقم ڈالروں میں 2 ارب 87 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
ابراہیم حسن مراد کے مطابق جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے اس انکشاف کی تصدیق کی ہے، اُن کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جیولوجیکل سروے نے 127 مقامات سے نمونے اکٹھے کیے تھے۔