کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمت کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے اور فی تولہ قیمت 2 لاکھ 90 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹس اور پاکستانی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2900 روپے اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 89 ہزار چھ سو روپے پر پہنچ گئی۔
اسی طرح دس گرام سونا 2486 روپے اضافے کے ساتھ دو لاکھ 38 ہزار 285 روپے کا ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 29 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا بلند ترین سطح 2772 ڈالر پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدتے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔