کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں آج کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی اور مقامی منڈیوں میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، پاکستان میں آج فی تولہ سونا 1400 روپے سستا ہوا ہے۔
پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 1400 روپے کم ہوکر 2 لاکھ 60 ہزار 100 روپے ہوگئی ہے جبکہ ملک بھر میں 10 گرام سونے کا بھاؤ 1200 روپے کم ہوکر 2 لاکھ 22 ہزار 994 روپے ہوگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونا 17 ڈالر کی کمی سے 2481 ڈالر فی اونس کا ہوگیا اس کے علاوہ چاندی کی فی تولہ قیمت 50 روپے کمی کے بعد 2900 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گذشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔