کراچی : عالمی منڈی میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی سونا فی تولہ مزید مہنگا ہوگیا، اس بار سیکڑوں نہیں یکمشت ہزاروں روپے اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت میں 10 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 1901 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں کراچی ، حیدرآباد ، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد ، راولپنڈی اور پشاور میں سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 600 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 34 ہزار 500 روپے ہوگئی۔
جیولرز ایسوسی ایشن عہدیداران کا کہنا ہے کہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 10 ڈالرز اضافے سے 1901 ڈالرز فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔
دس گرام سونے کا بھاؤ 3944 روپے اضافے سے دو لاکھ ایک ہزار 46 روپے ہے۔ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 3100 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
علاوہ ازیں فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2800 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2400.54 روپے پر مستحکم رہی۔