پاکستان میں کاروباری ہفتے کے مسلسل دوسرے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں تین امریکی ڈالر کی گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 1961 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، ملتان سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں آج 800روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ایک تولہ سونا 2 لاکھ 27 ہزار 300 روپے کا ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ دس گرام سونے کی قیمت بھی 686 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 94 ہزار 873 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2300 روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔