کراچی: ملک میں سونے کی قیمت میں آج بھی اضافی ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1600 روپے مہنگا ہوگیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 90 ہزار 300 روپے پر پہنچ گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 1372 روپے اضافے سے 2 لاکھ 48 ہزار 885 روپے کا ہوگیا، عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا اور 15 ڈالرکے اضافے کے بعد 2778 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
گزشتہ روز بھی پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2300 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 88 ہزار 700 ہوگئی تھی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1972 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد 10 گرام کی قیمت2 لاکھ 47 ہزار 513 روپے تک جا پہنچی تھی۔
یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔