بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

ہالی وڈ کے مشہور گولڈن گلوب ایوارڈز بک گئے!

اشتہار

حیرت انگیز

لاس اینجلس: گولڈن گلوب ایوارڈز کے ادارے کو فروخت کردیا گیا، نئے مالکان نے گولڈن گلوب خریدنے کے بعد ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف اپی اے) کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈِک کلارک پروڈکشن سے گولڈن گلوب ایوارڈز کا ادارہ خریدنے کے بعد ایلڈریج انڈسٹریز کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ جس کے مطابق ادارے کے نئے مالکان ایوارڈ ٹیلی کاسٹ کرنے کا عمل جاری رکھیں گے جبکہ ان کی توجہ دنیا بھر میں گلوب کی ویوورشپ بڑھانے پر بھی مرکوز ہوگی۔

ایک ایسے وقت میں یہ خریداری عمل میں آئی ہے جب ہالی وڈ کی جانب سے ایچ ایف پی اے کو اس کی اخلاقی گراوٹ اور تنوع میں کمی کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جبکہ اسے اپنے ساکھ کی بحالی میں جدوجہد کا سامنا تھا۔ حالیہ تنازعات کے باعث امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نے 2022 میں ہونے والی گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب کو بھی نشر کرنے سے گریز کیا تھا۔

لاس اینجلس ٹائمز کی جانب سے 2021 میں کی گئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ ادارے میں کوئی سیاہ فام صحافی موجود نہیں ہے۔ ادارے کے کچھ لوگوں پر فحش ریمارکس دینے اور تعصب برتنے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا جبکہ وہ سیلبریٹیز اور اسٹوڈیوز سے فوائد حاصل کرنے کے خواہاں تھے۔

ایلڈریج انڈسٹریز کے چیئرمین ٹاڈ بوہلے ایچ ایف پی اے کو نئے خطوط پر استوار کرتے ہوئے انٹرنیشنل انٹرٹینمنٹ رپورٹرز کے لیے نان پرافٹ آرگنائزیشن بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بوہلے کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ گولڈن گلوب کی تشکیل کے حوالے سے آج کا دن اہمیت کا حامل ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں