شو بز کی دنیا کے معروف ایوارڈ گولڈن گلوبز کی انتظامیہ نے اپنے ووٹنگ ممبران کی ہزاروں ڈالر سالانہ تنخواہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گولڈن گلوبز کی تنظیم نے ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کے سابق ممبران کو سالانہ 75,000 ڈالر تنخواہ دینے کی اپنی پالیسی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گلوبز کی صدر ہیلن ہوہن نے جمعہ کو منعقدہ ایک ویڈیو کانفرنس کال کے دوران تنظیم کے اراکین کو اس تبدیلی سے آگاہ کیا، گولڈن گلوبز کے ترجمان نے اس فیصلے کو ووٹنگ میں تعصب کے الزامات کو روکنے کی کوشش قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق پہلے گلوبز ایوارڈز کے ووٹنگ ممبران کو سالانہ تنخواہ دی جاتی تھی جو فلموں اور ٹیلی ویژن شو کے ایوارڈز کے انتخاب میں حصہ لیتے تھے۔
گولڈن گلوبز کی نئی پالیسی کے مطابق دیگر معروف ایوارڈ شو جیسے آسکر اور گریمی کی طرح اب ووٹنگ ممبران کو کوئی تنخواہ نہیں دی جائے گی۔