ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان کیا ہے، فیصلہ اقامہ ہولڈرز کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی میں حکام نے گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان کیا ہے، ہیلتھ انشورنس، ہوٹلنگ اور گاڑیوں کے حوالے سے خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔
اقتصادی فروغ ادارے کے ماتحت ابو ظہبی ادارہ تارکین نے کہا ہے کہ ابو ظہبی میں گولڈن اقامہ ہولڈرز کو خصوصی رعایتیں اور سہولتیں دی جائیں گی، یہ فیصلہ ابو ظہبی میں اقامہ ہولڈرز کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
گولڈن اقامہ ہولڈر ریاست کے اقتصادی نظام کا حصہ بنیں گے، سرمایہ کاری و کاروبار میں ریاست کے اسٹریٹجک اہداف حاصل کرنے کی مہم میں حصہ لیں گے، گاڑیوں، ہوٹل اور ہیلتھ انشورنس وغیرہ سیکٹرز کی بڑی کمپنیاں گولڈن اقامہ ہولڈرز کو خصوصی آفرز دیں گی۔
ابو ظہبی ادارہ تارکین کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر حارب المہیری نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گولڈن اقامہ نئے امکانات کی جہت میں مؤثر قدم ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ گولڈن اقامہ ہولڈرز کو سہولتیں اور رعایتیں مہیا کریں۔
المہیری نے کہا کہ مستقبل میں خصوصی رعایتوں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا، اس میں غیر گولڈن اقامہ ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بڑی کمپنیاں جدید طرز کی گاڑیوں پر گولڈن اقامہ ہولڈرز کو رعایتیں دیں گی، رجسٹریشن میں انہیں دوسروں پر ترجیح دی جائے گی، ادائیگی، اصلاح و مرمت اور مختلف لائسنسوں کے اجرا میں آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔
المہیری کا مزید کہنا تھا کہ گولڈن اقامہ ہولڈرز اور ان کے اہلخانہ کو لگژری ہوٹلوں میں رہائش کے حوالے سے خصوصی آفرز اور کھانوں میں رعایت دی جائے گی۔ ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے بھی گولڈن اقامہ ہولڈرز کو سالانہ آفرز ملیں گی، انہیں اور ان کے اہلخانہ کو اسپیشل ہیلتھ انشورنس اسکیمیں پیش کی جائیں گی۔