کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ منگل کو قرنطینہ کا دورانیہ مکمل ہونے کے بعد ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی کرونا وائرس ٹیسٹنگ مکمل ہو گئی، ٹیم کے 43 ارکان کے ٹیسٹ کرائسٹ چرچ میں جب کہ ایک رکن کا آکلینڈ میں ہوا۔
نیوزی لینڈ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا میں مبتلا 10 ارکان کے دوبارہ ٹیسٹ نہیں ہوئے، منگل 8 دسمبر کو قرنطینہ کا دورانیہ مکمل ہو جائے گا، اس کے بعد ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وسیم اکرم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی سی بی کو چاہیے تھا کہ وہ کرکٹرز کو زیادہ وقت پاکستان میں آئسولیشن میں رکھتے، پاکستان میں ہی 14 روز کا آئسولیشن کرانا چاہیے تھا، ٹیم کو واپس بھیجنے کا نیوزی لینڈ بورڈ کا بیان پاکستان کے لیے کافی شرمندگی کا باعث بنا۔
نیوزی لینڈ میں کمروں میں بند کھلاڑیوں کے حوالے سے وسیم اکرم کا بیان
انھوں نے نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں موجود قومی کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ کمروں میں بند ہیں۔
یاد رہے کہ دو دن قبل نیوزی لینڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں کرونا کے کیسز ہیں جن کے پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لیے ٹیم کو گروپس میں ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔