لندن: برطانوی ماہرین نے سگریٹ نوشی کی بری لت میں مبتلا افراد کو خوش خبری سنائی ہے کہ اگر وہ اس عادت سے جان چھڑا لیں تو جسم کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی ہوسکتی ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی یونیورسٹی آف کینسر ریسرچ کے ماہرین نے سگریٹ نوشی ترک کرنے کے بعد کے نقصانات کا مشاہدہ کیا جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سگریٹ نوشی سے انسانی جسم کے جن خلیات کو نقصان پہنچتا ہے اگر بری لت کو چھوڑ دیا جائے تو اس نقصان کی تلافی ہوسکتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق جب کوئی شخص سگریٹ چھوڑتا ہے تو اس کے جسم میں صحت مند خلیوں کی نشوونما تیزی سے ہونے لگتی ہے اور وہ پہلے سے پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سگریٹ نوشی نہ کرنے والے ملازمین کو 6 اضافی چھٹیاں دینے کا اعلان
تحقیق کے دوران ماہرین نے سگریٹ پینے،نہ پینے اور چھوڑ دینے والے دو درجن سے زائد افراد کے پٹھوں کے نمونوں کے ٹیسٹ بھی کیے۔
ڈاکٹرز کے مطابق ٹیسٹ کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ سگریٹ چھوڑ چکے تھے ان کے خلیے سگریٹ نوشوں سے چار گنا بہتر حالت میں تھے، ان میں سے کئی افراد ایسے بھی تھے جن کے خلیات ایک صحت مند شخص کی طرح تھے۔
یہ بات بھی سامنے آئی کہ جن لوگوں کو سگریٹ چھوڑے جتنا زیادہ عرصہ ہو چکا تھا ان کے پھیپھڑوں کی حالت اتنی ہی بہتر تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سگریٹ نوشی ترک کرنے کا فیصلہ کر کے ناکامی کیوں ہوتی ہے؟
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’’سگریٹ چھوڑنے والے شخص کی عمر 70سال ہو اور وہ 10ہزار سے زائد پیکٹ پھونک چکا ہو، پھر بھی سگریٹ چھوڑنے پر اس کے خلیوں کو پہنچنے والا نقصان تیزی سے ٹھیک ہونا شروع ہو جاتا ہے، لہذا لوگوں کو یہ سوچ کر سگریٹ نوشی ترک کرنے کا عزم کرنا چاہیے تاکہ ان کے پھیپھڑے واپس اصلی حالت میں آ سکتے ہیں‘‘۔