اب آپ کو اپنے موبائل ’جی میل‘اکاؤنٹ پر ای میلز کو دیکھنے اور ان کا جواب دینے کے لیے علیحدہ ونڈو کھولنے کی ضرورت نہیں رہے گی، اس کیلئے چیٹ طرز کا ایک نیا رسپانس انٹر فیس تیار کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوگل اینڈرائیڈ صارفین کے لیے جی میل ایپ میں ایک اہم اپ ڈیٹ متعارف کروانے کی تیاری کی جارہی ہے، جس میں ای میلز کا جواب دینے کے لیے چیٹ طرز کا جوابی انٹرفیس متعارف کرایا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس تبدیلی کے بعد صارفین کو گوگل کی مقبول ترین سروس جی میل اب کسی حد تک واٹس ایپ کی طرح محسوس ہونے لگے گی۔
اس فیچر سے جی میل میں ای میلز کا جواب دینے کا تجربہ میسجنگ ایپ جیسا ہی ہوگا، اب جی میل پر کسی ای میل کاجواب دیتے وقت، ایک نئی جوابی ونڈو کھلتی ہے جس میں مندرجہ بالا تفصیلات مختلف حصوں میں دکھائی جاتی ہیں۔
لیکن اس نئے فیچر کے ساتھ جب آپ جوابی بٹن پر کلک کریں گے تو مذکورہ ای میل واٹس ایپ میسج کے جواب کی طرح نظر آئے گی۔
اس فیچر سے صارفین کو ای میل پر پیغام کو پڑھنے اور ای میل میں کیا لکھا گیا تھا یاد رکھے بغیر اس کا جواب دینے میں مدد ملے گی۔ اس طرح کا ڈیزائن اب تک صرف واٹس ایپ جیسی میسجنگ ایپ میں دیکھا گیا ہے۔
گوگل کا نیا جوابی باکس نومبر2023 سے آزمایا جا رہا تھا اور اب اسے صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
اس فیچرکو دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ گوگل نے صارفین کو جی میل میں انسٹنٹ میسجنگ جیسا تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔
اینڈرائیڈ پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق نیاچیٹ ریپلائی باکس اب جی میل ایپ کا لازمی حصہ بن جائے گا۔
خیال رہے کہ گوگل اینڈرائیڈ فونز کے لیے جی میل ایپ میں ہیلپ می رائٹ فیچر کو بھی بہتر بنا رہا ہے۔ یہ فیچر مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ای میلز کو ڈرافٹ کرنے میں مدد کرتا ہے۔
فی الحال، صارفین اے آئی بوٹ کو تحریری ہدایات دے کر اپنی مرضی کے مطابق ای میلز لکھتے ہیں لیکن مستقبل قریب میں آپ کو کی بورڈ کو چھونے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ آپ اسے صرف بول کر ہی کرسکیں گے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق جی میل ایپ میں ایک نیا فیچر آزمایا جا رہا ہے۔ ڈرافٹ ای میل ود یور وائس نامی اس فیچر کے ساتھ آپ ای میل کے لیے ہدایات بول سکیں گے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ گوگل اس فیچر کو اینڈرائیڈ فونز پر جی میل ایپ میں کب متعارف کرائے گا۔