اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

انٹرنیٹ سرچ اور اسکرین شاٹس نے قتل کا معمہ حل کروا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

جرم کبھی بھی چھپ نہیں پاتا، قاتل چاہے کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو کہیں نہ کہیں وہ کوئی ایسی غلطی ضرور کرتا ہے جو اس کی پکڑ کا سبب بن جاتی ہے۔ امریکا میں بھی ایک قاتلہ ایسے ہی پولیس کی گرفت میں آگئی جس نے اپنے شوہر کو قتل کیا تھا۔

امریکی ریاست انڈیانا میں پولیس کو 50 سالہ شخص کی لاش اپریل میں اس کے گھر کے قریب سے ملی تھی، تاحال وہ اس قتل کو حل کرنے میں ناکام تھے۔

تاہم اس کی قاتلہ نے اپنے موبائل پر زہریلے مشرومز کے بارے میں سرچ کیا تھا، اسی انٹرنیٹ سرچ کے ذریعے پولیس قاتل تک پہنچی اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ مقتول کی بیوی تھی۔

- Advertisement -

پولیس کے مطابق جب انہوں نے لاش دریافت کی تو اس کے ہاتھوں پر متعدد کٹس تھے جبکہ اس کی کلائیوں اور ٹخنوں پر ٹیپ باندھا گیا تھا جس کی کچھ ہی باقیات پولیس کو ملی تھیں۔

طویل تفتیش کے بعد علم ہوا کہ مقتول کی موت زہریلے مشرومز کھانے سے ہوئی جس کی کچھ باقیات اس کے معدے میں تاحال موجود تھیں۔

ایک ماہر نباتات نے پولیس کو بتایا کہ قتل کی وجہ بننے والے مشروم کا زہریلا جز صرف 8 گھنٹے تک مؤثر رہتا ہے جبکہ 72 گھنٹوں بعد جسم میں سے اس کے آثار غائب ہوجاتے ہیں۔ اسی وجہ سے مقتول کی موت کی وجہ جاننے میں وقت لگا۔

لاش ملنے کے 5 ماہ بعد پولیس نے مقتول کی بیوی کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلہ نے اپنے موبائل پر زہریلے مشرومز کے بارے میں سرچ کیا تھا اور کچھ مشرومز کی معلومات کا اسکرین شاٹ لے کر رکھا تھا۔

مقتول کے ایک فیملی فرینڈ نے جرم میں اس کی بیوی کی مدد کی تھی، اسے بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلہ نے اپنے شوہر کے غائب ہوجانے کے بعد سے نہ اس سے رابطہ کیا اور نہ ہی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، یہیں سے پولیس مشکوک ہوئی اور بالآخر قتل کا معمہ حل کرلیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں