سندھ کے مری کہلانے والے پرفضا تفریحی مقام گورکھ ہل پر بائیک ریلی 29 اور 30 ستمبر کو ہوگی جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے گورکھ ہل آف روڈ بائیک ریلی سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ریلی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع دادو میں سندھ کا مری کہلائے جانے والا تفریحی مقام گورکھ ہل پہلی مرتبہ آف روڈ بائیک ریلی کا میزبان ہوگا اور اس میں پاکستان بھر کے مرد وخواتین بائیکرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ایڈونچز اسپورٹس کو فروغ دینے کیلے سندھ حکومت کافی پلانز ترتیب دے رہی ہے۔
ایونٹ منیجمنٹ کے مطابق ریلی کیلیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ریکی 29 اور ریس 30 ستمبر کو شیڈول ہے۔
اس موقع پر ڈیزرٹ ریلی کے چیمپئن ریسر صاحبزادہ سلطان نے کہا کہ بہت جلد گورکھ ہل کے دامن میں بھی جیپ ریلی کا انعقاد ہوگا۔
صدر موٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن سندھ ندیم خان کے مطابق آف روڈ بائیک ریلی خطے میں موٹو کراس کے فروغ میں مدد گار رہے گی۔