کراچی: چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکتوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث چڑیا گھر کی رونقیں ماند پڑنے لگی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں پے در پے جانوروں کی ہلاکتیں ہورہی ہیں، جبکہ چڑیا گھر میں موجود بن مانس بھی مر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چڑیا گھر میں ڈیڑ ھ سال کے دوران 2 شیر، ایک ہاتھی اور بن مانس ہلاک ہوا، ہرن کے بچوں سمیت چھوٹے درجنوں چرند و پرند کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
واضح رہے کہ چند دنوں قبل ہتھنی نورجہاں جو بخارمیں مبتلا تھی، جسے بچانے کیلئے تمام کوششیں کی گئیں، مگر ہتھنی کو نہ بچایا جاسکا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں 17 سال سے موجود نورجہاں گذشتہ کئی روز سے زمین پر لیٹی ہوئی تھی اور اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہوپارہی تھی۔
نورجہاں کو رواں ماہ کے شروع میں پیٹ میں درد تشخیص ہوا تھا جس کے باعث اسے پیشاب کرنے میں تکلیف تھی اور پیشاب بند ہوگیا تھا۔
ڈاکٹروں کی ٹیم نے ہتھنی کی تشویش ناک حالت کا جائزہ لینے کے بعد ادویات کے ساتھ ساتھ جسمانی تھراپی بھی تجویز کی تھی۔
ہتھنی نور جہاں بیماری کے دوران تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سیاست دان، اداکار اور مختلف شخصیات کی جانب سے کراچی چڑیا گھر کو بند کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔