اسلام آباد: حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام شروع کردیا، حکومت وصول کردہ بولیوں پر غور کے بعد دسمبر میں ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے دسمبر سے ایل این جی خریداری کی تیاری شروع کردی ہے، دسمبر میں ایل این جی کے 6 کارگوز کے لیے عالمی کمپنیوں کی مہنگی ترین بولیاں وصول کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری کمپنی پی ایل ایل نے دسمبر کے لیے بولیاں طلب کر رکھی تھیں، پی ایل ایل نے ایل این جی کے 6 جہازوں کی بولیاں طلب کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے خام تیل کی قیمت کے 15.87 سے 19.30 فیصد تک بولیاں دیں، حکومت بولیوں پر غور کے بعد دسمبر میں ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی سابق حکومت کے معاہدوں کے تحت خریدی جارہی ہے، ایل این جی خام تیل کی قیمت کے 11.62 سے 13.37 فیصد تک خریدی جا رہی ہے۔