اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط مانتے ہوئے ادویات پر ٹیکس عائد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت نے ہربل اور ہومیو پیتھک دواؤں پر بھی ٹیکس رعایت ختم کردی جس کے بعد ہربل دواؤں پر بھی ٹیکس عائد ہوگا۔
دستاویز کے مطابق سیلز ٹیکس کے آٹھویں شیڈول میں ہربل اور ہومیو ادویات پر سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔
نزلہ، زکام اور کھانسی کے جوشاندے پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا، دستاویز میں ہربل کی سینکڑوں دواؤں پر بھی 18 فیصد سیلز ٹیکس لگے گا۔
دستاویز کے مطابق مختلف ہربل شربت اور گولیوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔
ہومیو پیتھک کے تمام شربت اور کریم پر بھی سیلز ٹیکس عائد ہوگا، فنانس بل دستاویز کے صفحہ نمبر 77 میں سیلز ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر ادویات پر 10 سے 18 فیصد تک سیلز ٹیکس لگائے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی حکام کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ سابق نگران حکومت نے کیا تھا۔