اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کردی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے بغاوت کو چھوڑیں، تناؤ کم کریں اور بات چیت کریں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کریں گے تو مسائل کا حل نکلے گا، ہم کہتے ہیں مذاکرات کریں وہ کہتے ہیں آپ سے بات نہیں کریں گے، ہم سے بات نہیں کریں گے تو کیا دیواروں سے بات کرنی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ٹوئٹ سے لاتعلقی کریں، ’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘ یہ کیسی مہم ہے؟ ہم کہتے ہیں ’پاکستان نہیں تو کوئی نہیں۔‘
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، عدم برداشت کا کلچر بہت تکلیف دہ ہے، ایک پرچم تلے سب اکٹھے ہوکر چلیں تو بحث و مباحثے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
پی ٹی آئی کا ردعمل
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلیوں کا بڑی جماعت کو مذاکرات کی دعوت دینا مضحکہ خیز ہے، جعلی مینڈیٹ کی حامل جماعتوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔