تازہ ترین

موبائل فونز، فرنیچر، شیمپو سمیت دیگر آئٹمز کی درآمد پر پابندی عائد

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے موبائل فونز، فرنیچر، شیمپو سمیت دیگر آئٹمز کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے، معاشی بحالی کیلئے پاکستانیوں کو قربانی دینا ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب سے لگژری اور غیر ضروری آئٹمز کی درآمد پر مکمل پابندی ہوگی، انہوں نے کہا کہ حکومت نے بیرون ملک سے موبائل فون، گاڑیاں،  اسلحہ، جوتوں، امپورٹڈ سینٹری، فرنیچر، میک اپ، شیمپوز منگوانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ غیرضروری لگژری بیگز، کچن کے سامان ، ڈرائی فروٹ، ڈیکوریشن آئٹمز، ہوم اپلائسنز، فروزن میٹ، امپورٹڈ ٹشوپیپرز، کراکری کی درآمد پر بھی پابندی ہوگی۔ حکومت نے بیرون ملک سے فش، سن گلاسز، جیم جیلی کنفیکشنری آئٹمز اور سلیپنگ بیگز منگوانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2018 میں ترقی کی شرح 6 فیصد تھی جس کو منفی کیا گیا، گزشتہ 4 سال ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کیا گیا، ن لیگ حکومت جب ختم ہوئی تو ڈالر 115 روپے تھا، 189روپے پر ڈالر اور زرمبادلہ ذخائر میں کمی آپ کے دورمیں ہوئی، عمران خان نے آئی ایم ایف شرائط پر دستخط کئے جس کی وجہ سے آج مہنگائی ہے، جتنی شرائط طے شدہ ہیں اس پر عمران خان حکومت کے دستخط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت نے ملکی قرض 27 ہزار ارب روپے سے 47 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، کارٹیلز اور امپورٹڈ حکومت نے چار سال پاکستان کو لوٹا، جو کرپشن ختم کرنے آئے تھے انہوں نے کرپشن کرکے مہنگائی کی، اس وقت ملک میں قومی اور عوامی حکومت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک سے موبائل فونز پاکستان لانے والوں کیلئے بڑی خبر، ڈیوٹی کتنی ہوگی؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2.3 سے فیصد سے 16 فیصد تک مہنگائی پی ٹی آئی نے کی، پی ٹی آئی  حکومت نے تاریخی قرضہ لیا، ملک میں معاشی دہشت گردی کی، آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کرکے بوجھ عوام پر ڈال دیا، وزیراعظم شہبازشریف رات کو آٹے کی قیمت دیکھ کر سوتے ہیں، یہ وزیراعظم عوامی ہے، آلو پیاز ٹماٹر گھی آٹا سستا کرنے آیا ہے، پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کی وجہ سے آج آٹا اور چینی ایکسپورٹ ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن وہ کرائیں گے جو عوام کو ریلیف دینا جانتے ہیں، آپ روئیں پیٹیں یا چیخیں، یہ فیصلہ ہمارا ہے کہ الیکشن کب ہونگے، الیکشن کرانے کا فیصلہ حکومت اور اتحادیوں کا ہوگا، آپ نے اپنے اسپیکر سے آئین شکنی کرائی، عوام ان کے جھوٹ سن سن کر تھک گئی، مسلط ٹولے کو عدم اعتماد سے ہٹایا گیا۔

Comments

- Advertisement -