اسلام آباد : وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا آئی ایم ایف پروگرام معاشی استحکام کی بنیاد بنا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ، گزشتہ مالی سال میں لوگوں کی معاشی کارکردگی بہتررہی، آئی ایم ایف پروگرام معاشی استحکام کی بنیاد بنا۔
وزیر مملکت خزانہ نے بتایا کہ ایف بی آر کے ریونیو میں 26 فیصد گروتھ حاصل کی، گزشتہ مالی سال میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بھی حاصل کیا جبکہ زرمبادلہ کے ذخائربھی بڑھے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف جانے کی اصل وجہ زرمبادلہ کےذخائرمیں کمی تھی، 20 جون کی تاریخ تک ریزرو 14ارب ڈالرپرکھڑے تھے۔
بلال اظہر نےکہا پارلیمنٹ اور اتحادیوں کے شکر گزار ہیں کہ بجٹ منظور ہوا، ہم نے میکرو اکنامک استحکام کا سفر بھی جاری رکھنا ہے ، معیشت میں گروتھ کو مزید بڑھانا ہےتاکہ ایکسپورٹ بڑھے۔
وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ چاہتے ہیں معیشت میں ایسی گروتھ ہو جس سے ہر پاکستانی مستفید ہو، وزیراعظم کاہدف ہےکہ ہمیں آئی ایم ایف دوبارہ نہ جانا پڑے۔