اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں سے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے اتحادیوں سے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب حکومتی ٹیم نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے اہم ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پر مشتمل وفد پارلیمنٹ لاجز پہنچا اور ایم کیو ایم ارکان کو وزیر اعظم عمران کا پیغام پہنچا دیا۔
ملاقات میں مثبت پیشرفت ہوئی اور دونوں اطراف سے ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران دو ٹوک اعلان کر دیا ہے کہ کسی بھی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کے لیے سرپرائز ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سے ملاقات ہو چکی، ووٹنگ سے ایک دن پہلے میرا کارڈ سامنے آئے گا، اپوزیشن پہلے ہی اپنے سارے کارڈز شو کر چکی ہے اور ان کی سیاست ختم ہونے والی ہے، یہ لکھ لیں کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔
عمران خان نے اتحادیوں سے متعلق کہا کہ اتحادی 27 تاریخ کے جلسے کے بعد حکومت کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں حالیہ دنوں بے پناہ اضافہ دیکھنے کو آیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آج بچا ہوا ہے تو پاک فوج کی وجہ سے بچا ہوا ہے، فوج کے ساتھ آج بھی اچھے تعلقات ہیں، فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہو جاتے ، فوج پر مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں ، پاکستان کو فوج کی سخت ضرورت ہے۔