لاہور : حکومت نے ایڈز کےعلاج کیلئے ادویات مفت دینے کا فیصلہ کرلیا، ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ایڈزکی بروقت تشخیص اورعلاج سے مرض پرقابوپایاجاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نےایڈزکےعلاج کیلئےادویات مفت دینے کا فیصلہ کیا ہے ، ایڈزمیں مبتلا11ہزارسےزائدمریضوں کاعلاج کیاجارہاہے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ایڈزکی بروقت تشخیص اورعلاج سےمرض پرقابوپایاجاسکتاہے،ی زیادہ ٹیسٹنگ سےایڈزبیماری پرقابوپانےمیں مدد حاصل ہوگی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا مزیدآسانی کیلئےانصاف میڈیسن کارڈزکااجراکیاگیاہے، کسی بھی شخص کا ایڈز ٹیسٹ اسکی اجازت کے بغیر نہیں کیا جاتا۔
خیال رہے ایڈز بلاشبہ جدید دور کا ایک خطرناک مرض ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں3 کروڑ سے زائد افراد ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہیں، پاکستان میں ایڈز پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ نشہ کرنے والے افراد کا سرنجوں کا غلط استعمال ہے۔
ایڈز کا مرض ایک وائرس کے ذریعے پھیلتا ہے، جو انسانی مدافعتی نظام کو تباہ کر دیتا ہے، ایسی حالت میں کوئی بھی بیماری انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے تو مہلک صورت اختیار کر لیتی ہے۔ اس جراثیم کو ایچ آئی وی کہتے ہیں۔ اور یہ انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو ناکارہ بنانے والا وائرس بھی کہلاتا ہے، ماہرین کے مطابق صرف احتیاط ہی کے ذریعے اس بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔