حکومت نے عوام پر عید کے دن ہی مہنگائی کا بم گرا دیا اور ایل پی جی گیس مہنگی کر دی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے عید کے دن عوام پر مہنگائی کا بم گراتے ہوئے ایل پی جی گیس مہنگی کر دی ہے۔
اوگرا نے ایل پی جی گیس 54 پیسے فی کلو مہنگی کی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق 54 پیسے فی کلو اضافے کے بعد ایل پی جی گیس کی نئی قیمت 248 روپے 37 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
اس اضافے سے گھریلو صارفین کے لیے ایل پی جی کا سلنڈر 6 روپے 40 پیسے مہنگا ہوا ہے اور نئی قیمت 2930 روپے 71 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے عید سے قبل پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ ڈیزل کی سابقہ قیمت برقرار رکھی گئی تھی۔