خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی، سرکاری ملازمین سے سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم کو استعمال نہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین اب سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرسکیں گے، نگراں حکومت کے دور میں جاری ہونے والے مراسلے کے بعد سرکاری ملازمین سوشل میڈیا پر اپنی آرا نہیں دے سکیں گے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم کو استعمال نہ کریں، ملازمین سیاسی، مسلكی اور پاکستان کے نظریاتی مسائل پر بحث و تجزیہ نہ دیں۔
تاہم سوشل میڈیا کو انتظامی سیکریٹری اور متعلقہ محکمہ کے سربراہ کی منظوری کے بعد استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے دور حکومت میں بھی اس وقت کے وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی تھی، سرکاری معلومات اور دستاویزات افشا ہونے سے روکنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن آفس نے میمورنڈم جاری کیا تھا۔
تمام سرکاری ملازمین کوگورنمنٹ سرونٹس رولز 1964کی پاسداری کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، جس میں سرکاری ملازم کو کسی بھی بیان بازی یا رائے سے رکنے کا حکم ملا تھا۔