اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے عوامی سہولت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حج درخواستوں کی وصولی میں تین دن کی توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے ملکی صورتِ حال کے پیش نظر حج درخواستوں کی وصولی میں توسیع کر دی گئی ہے۔
حج درخواستوں کے سلسلے میں برف باری، سیلابی صورتِ حال کے باعث درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی میں 3 دن کی توسیع کہ گئی ہے، سرکاری اسکیم کے لیے حج درخواستیں 9 مارچ تک وصول کی جائیں گی۔
مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی 11 مارچ کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج اسکیم : درخواستیں چھ مارچ تک وصول کی جائیں گی، ترجمان مذہبی امور
واضح رہے کہ اس سے قبل حج درخواستوں کی وصولی کے لیے چھ مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، سرکاری حج اسکیم میں اب تک سوا لاکھ سے زیادہ درخواستیں وصول کی جا چکی ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ خراب موسم کے باوجود حج درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔
عوام کی سہولت کے لیے درخواست گزاروں کے کوائف وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں، تمام درخواست گزاروں کو ان کے کوائف ایس ایم ایس بھی کیے جا رہے ہیں، ترجمان مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کسی بھی غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری تصحیح کرائیں۔