وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں ایسی کمی کا کیا فائدہ جس کا فائدہ غریب کو نہ ہو، حکومت نے مہنگائی کا خاتمہ کر دیا ہے ملک میں مہنگائی پچھلے سال 38 فیصد پرتھی دسمبر 2024میں 4 فیصد پر آگئی مہنگائی کی شرح 4فیصد پر آنا 80 ماہ میں سب سے کم ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے گیس کی قیمت بڑھانے کو منع کر دیا گیس استعمال کرنے والوں میں 64 فیصد گھریلو صارفین ہیں، وزیر اعظم نے منع کیاکہ گھریلو صارفین پر اور بوجھ نہیں ڈالا جائے گا البتہ گیس سے بجلی بنانے کا کاروبار کرنے والوں کیلئے چارجز 3000 سے بڑھا کر 3500 کر دیئےگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا میں بتدریج کمی آرہی ہے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیاگیا، گیس کے کمرشل صارفین پر بھی کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ملکی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے عوام کی زندگی میں خوشحالی اور روزگارکی فراہمی حکومتی ترجیح ہے۔