اسلام آباد : مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے ورلڈ اکنامک فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن متعارف کرایا اور ساتھ ہی روزانہ اجرت والوں کو ریلیف دینے کیلئے ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ورلڈ اکنامک فورم کے کنٹری اسٹریٹجی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت کو 2018 میں انتہائی غیریقینی معاشی صورتحال ورثے میں ملی جس کے باعث محصولات وصولیوں میں اضافہ سمیت سخت مالی نظم و ضبط لانا پڑا۔
عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ درآمد کی حوصلہ شکنی سے کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بہتری آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وبا پر قابو پانے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن متعارف کرایا اور کمزور طبقے کےلیے محدود پیمانے پر کام جاری رکھنے کی اجازت دی ساتھ ہی روزانہ اجرت والوں کو ریلیف دینے کےلیے ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا۔
مشیر خزانہ نے خطاب کے دوران کہا کہ معاشی بحالی میں تیزی کےلیے تعمیراتی شعبوں میں اقدامات اٹھائے، کیونکہ حکومت نے نجی شعبے کو ترقی کے انجن کی حیثیت سے مکمل سپورٹ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتی ہے، حکومت شفافیت، احتساب اور آسان رسائی پر یقین رکھتی ہے۔