لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اپوزیشن رہنماؤں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت رانا ثنا اللہ کی گرفتاری میں ملوث نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سابق وزیر قانون پنجاب کی اے این ایف کے ہاتھوں گرفتاری پر کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی ہمارے پاس کوئی اطلاع نہیں تھی، پی ٹی آئی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔
سابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی ایسا جرم نہیں جو رانا ثنا نے نہ کیا ہو، رانا ثنا کے کالعدم تنظیموں سے بھی تعلقات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایم این اے رانا ثنا کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے قانون کو اپنی باندی بنایا ہوا تھا، لیکن ہم احتساب کے عمل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں گروپ بندی ہے، یہ ایک دوسرے کو خود گرفتار کرا رہے ہیں، محمد زبیر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر بہت خوش ہیں کیوں کہ وہ مریم نواز گروپ کے ہیں۔
مزید تازہ خبریں پڑھیں: اپوزیشن رہنماؤں نے رانا ثنا کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا
خیال رہے کہ اپوزیشن رہنماؤں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اے این ایف کے ہاتھوں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا ہے۔
واضح ہو کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے روابط کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔