اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان اب کاروبار کے لیے کھلا ہے، کاروباری ماحول ساز گار بنانے کیلئے حکومت کام کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی بینک کے انڈیکس میں بہتری کا ٹاسک دیا ہے، برآمدکنندگان کے ریفنڈز کا طریقہ کار طے کردیا ہے، اب ریفنڈز نہیں روکے جائیں گے۔
دو روز قبل عبدالرزاق داؤد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیوٹیز میں کمی سے آمدن میں 7 ارب روپے کا نقصان ہوگا، صنعتی شعبے کی ترقی سے نقصان پورا ہوجائے گا۔
چین میں پاکستانی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ متوقع ہے: مشیر تجارت
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 5 برآمدی شعبوں کے لیے پہلے گیس، بجلی ٹیرف میں کمی کی گئی ہے، منی بجٹ میں خام مال پر ڈیوٹی میں بھی کمی کی گئی ہے، ترمیمی فنانس بل پر کاروباری طبقے کا رسپانس اچھا رہا ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری تجارت یوسف ڈھاگہ کا کہنا تھا کہ درآمدات میں کمی آئی ہے، 6 ماہ میں تجارتی خسارے میں ایک ارب ڈالر کمی آئی ہے، موجودہ مالی سال تجارتی خسارے میں 5 سے 6 ارب ڈالر کمی ہوگی۔