اسلام آباد: حکومت پر واجب الادا مقامی قرضوں میں ایک سال میں 11 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر مقامی قرضوں کا حجم ڈیڑھ سو کھرب سے زائد ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے لیے گئے غیر ملکی قرضوں میں اضافہ تو ایک طرف رہا، مقامی قرضے بھی ریکارڈ سطح پر آگئے۔
اعداد وشمار کے مطابق حکومت کا مقامی بینکوں سے لیا گیا قرضہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد زائد ہوگیا۔ جولائی 2017 کے اختتام تک مقامی قرضوں کا حجم 154 کھرب روپے تک جا پہنچا ہے۔
صرف جولائی 2017 میں مقامی قرضوں میں 540 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق حکومت کے مقامی قرضوں میں سے 50 فیصد سے زائد طویل المدتی قرضے ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مقامی بینکوں کے حکومت کو قرضہ دینے سے کاروبار اور عوام کے لیے قرضوں کا حصول مشکل ہوجاتا ہے۔ ملک پر واجب الادا قرضوں میں اضافے نے ملکی معیشت کے بارے میں خدشات میں اضافہ کردیا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔