لاہور : پنجاب حکومت نے اپنے ایک سالہ دور میں مختلف اقدامات اور فیصلے کیے جس کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت رواں سال 196 ملین روپے کے اخراجات کی کمی آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے مذکورہ کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو دورہ امریکا سے واپسی پر پیش کی جائے گی۔
کارکردگی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانوالی، اٹک، لیہ، بہاولنگر اور راجن پور میں چائلڈ اسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
تعلیم کے شعبہ میں43 نئے کالجز اور چھ یونیورسٹیوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا، اس کے علاوہ باہمت بزرگ پروگرام کے تحت65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ماہانہ تین ارب روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے اورخواجہ سراؤں کیلئے20 کروڑ روپے سے مساوات پروگرام بھی جاری ہے۔
مذکورہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق صوبے کے بڑے شہروں میں12 پناہ گاہوں کا قیام مکمل کرلیا گیا ہے، ماحولیات کے تحفظ کیلئے صوبے بھر میں شجرکاری مہم کے تحت دس ملین پودے لگائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے میں کفایت شعاری مہم کے تحت رواں سال 196 ملین روپے کےاخراجات کی کمی آئی ہے۔