اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے نہیں ہوگا تو ایسے جمہوریت نہیں چل سکتی، حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا۔
تفصیلات کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو نئے سال کی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال تلخیوں کے ساتھ غروب ہوچکا ہے، نیا سال نیا کتاب کی طرح ہے کہ نیا باب لکھیں، نئے سال کا آغاز پچھلے سال سے مختلف کریں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یوں لگ رہا ہے حکومت، اپوزیشن میں معاملات آگے نہیں بڑھ رہے، تمام ادارے معاملات میں قصوروار ہیں نہ بے گناہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے نہیں ہوگا تو ایسے جمہوریت نہیں چل سکتی، حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق رائے سے چلنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ نوجوانوں کو کیسے بہتر مستقبل دیں، ہم نے معاملات درست نہیں کیے تو مسائل ہاتھ سے نکل جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر امور پر اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر قسم کے احتساب کے لیے تیار ہیں، الیکشن کمیشن،احتساب اور دیگر اہم معاملات پر متفق ایجنڈے کا حامی ہوں، چاہتا ہوں حکومت اور اپوزیشن اہم ایشوز کے ایجنڈے پر اتفاق کریں۔