اسلام آباد: ذرایع نے کہا ہے کہ حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی، رپورٹ کی روشنی میں متعین کرداروں سے متعلق فیصلہ اعلیٰ سطح اجلاس میں ہوگا۔
وزیر اعظم عمران خان اس اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شوگرانکوائری رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیے گئے افراد کے خلاف ایکشن کا فیصلہ ہوگا، اجلاس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات دائر کرنے کا بھی فیصلہ ہوگا۔
اجلاس کے بعد کیے گئے فیصلوں کا اعلان وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کریں گے۔
شبلی فراز نے اس سلسلے میں آج ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نے شوگر مافیا کی سرپرستی اور فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا ہے، وزیر اعظم کا وعدہ جلد پورا ہوگا، آج بنی گالہ میں انتہائی اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس ہوگی۔ شہزاد اکبر نے بھی ٹویٹ میں لکھا شوگر کمیشن رپورٹ پر فیصلے منظوری کے لیے آج وزیر اعظم کو پیش کیے جائیں گے، وزیر اعظم کو مخصوص پینل ایکشنز، ریگولیٹری اقدامات اور ریکوری میکنزم پیش کیا جائے گا، ایکشن کا آغاز آج سے ہوگا۔
یاد رہے کہ 31 مئی کو وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا 15 دنوں میں چینی بحران میں ملوث تمام لوگ بے نقاب ہو جائیں گے۔ ادھر اپوزیشن کا بھی مطالبہ ہے کہ آٹا چینی بحران کے اصل ذمہ داران کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے کے لیے بننے والے 6 رکنی تحقیقاتی کمیشن نے حتمی رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہیٰ، اومنی گروپ اور مخدم خسرو بختیار کے بھائی عمر شہریار کو چینی بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔
رپورٹ میں کمیشن نے چینی بحران کا ذمہ دار ریگولیٹرز کو قرار دیا ہے، جن کی غفلت کے باعث چینی بحران پیدا ہوا اور قیمت بڑھی، کمیشن نے کیسز نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی سفارش کی ہے۔