لاہور : پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے سرکاری گندم کا آٹا چوری کرنے والی فلور ملز سے لاتعلقی کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔
اس حوالے سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخارمٹو نے اپنے ایک بیان میں واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری گندم خوردبرد کرنے والی فلور ملز کی ایسوسی ایشن سے رکنیت ختم کردی جائے گی، غیرقانونی کام میں ملوث فلور ملز کو کسی صورت کو تحفظ نہیں دیں گے۔
چیئرمین افتخارمٹو نے کہا کہ الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے بعد مؤثر کارروائی کرنا انصاف کا تقاضا ہے، جس مل کیخلاف الزامات درست ثابت ہوئے اس کاحقہ پانی بند کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری فوڈ چند فلور ملز کی بے ایمانی وجہ سے پوری 1100ملز کو مافیا قرار دے رہے ہیں، سیکرٹری فوڈ کی جانب سے تمام فلور ملز کو مافیا کہنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
چیئرمین افتخارمٹو پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم، اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
مزید پڑھیں : فلور ملز ایسوسی ایشن کا 13 فروری سے ہڑتال کا اعلان
واضح رہے کہ پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں کل بروز پیر 13 فروری سے ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے، صوبائی محکمہ خوراک نے کوٹے میں غبن کرنے پر 35 فلور ملز کا کوٹہ معطل کردیا تھا۔
اس حوالے سے ایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخار مٹو کا کہنا تھا کہ پیر سے فلور ملز گندم نہیں اٹھائیں گی اور منگل سے مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی نہیں کی جائے گی۔