ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

حکومت مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی: شبلی فراز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مریم نواز اپنے پیغامات سے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کر رہی ہیں لیکن حکومت ان کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی، نواز شریف کو پاسپورٹ کی جگہ ٹریول ڈاکومنٹ جاری کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس کے بعد شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے، سمجھ نہیں آتی ان کو ایسی بیماریاں کیوں ہیں جن کا ملک میں علاج نہیں، وہ بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کر رہی ہیں اور حکومت ان کو جانے کی اجازت نہیں دے گی۔

شبلی فراز نے مزید کہا نواز شریف علاج کرانے گئے اور باہر جا کر سیاست شروع کر دی، نواز شریف کو پاسپورٹ کی بجائے ٹریول ڈاکومنٹ جاری کریں گے، ہم کیسے ایک مطلوب شخص کو پاسپورٹ دے کر مدد کر سکتے ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم سہولت کار بنیں، اور نواز شریف کہیں اور چلے جائیں۔

- Advertisement -

وزیر اطلاعات سینیٹ الیکشن کے حوالے سے کہا آج اجلاس میں سینیٹ الیکشن سے متعلق میڈیا حکمت عملی پر بات چیت کی گئی، عمران خان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہونے چاہیئں۔

ہم نے ارب پتی لوگوں کو سینیٹ ٹکٹ دینے کی روایت توڑ دی، وزیراعظم

انھوں نے کہا ماضی کی حکومتوں نے سیاست میں پیسے کے کلچر کو عام کیا، پیسے کی سیاست ختم کر کے میرٹ کو فروغ دیا جائے گا، سینیٹ امیدواروں کی حتمی فہرست آج مکمل ہو جائے گی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حوالے سے مریم نواز کے بیان کے تناظر میں انھوں نے کہا کہ مریم نواز نے خود اقرار کر لیا ہے کہ پی ڈی ایم کا مستقبل اندھیرے میں ہے۔

قبل ازیں، حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بہ آسانی کامیابی حاصل کریں گے، ایم این اے، ایم پی ایز کے گلے شکوے دور کریں گے، ارکان پارلیمنٹ تحفظات کے باوجود پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے بہترین امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیے ہیں، اور ارب پتی لوگوں کو سینیٹ ٹکٹ کی روایت توڑ دی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں