اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حکومت کل تمام مکاتب فکر کے علما کو اعتماد میں لےگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی صورت حال کے پیش نظر رمضان المبارک کے لیے حکمت عملی سے متعلق حکومت کل تمام مکاتب فکر کے علما اور مشائخ کو اعتماد میں لےگی۔
نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت وسلامتی پیش نظر تھی حکومت اقدامات کر رہی ہے،کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ گئی تو پھر قابو کرنا مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ امید ہےکل علما کے ساتھ ملاقات میں اتفاق رائے قائم کرلیں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ایوان صدر کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں بھی ایک ملاقات ہوگی،وزیراعظم خود علما سےکچھ امور پرگفتگو کریں گے، علمائے کرام کے مؤقف کو نظرانداز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سب کام حکومت نے نہیں کرنے کچھ کام مساجد کی کمیٹیاں اور علما کے کرنے کے ہیں،امید ہے درمیانی راستہ نکال کر رمضان کے تمام پروگرامز کا انعقاد یقینی بنالیں گے۔
نورالحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حج تیاریاں جاری ہیں تاہم سعودی حکومت کے منتظر ہیں،حج ہوگا یا نہیں ،اس پر سعودی حکام رمضان کے آخر تک آگاہ کریں گے۔